کارڈف، 3 ؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )جو روٹ اور جوس بٹلر کی شاندار اننگ اور ڈیوڈ ولی کی دھاردار گیندبازی کی بدولت انگلینڈ نے پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں کل رات یہاں سری لنکا کو 122رنوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-0سے جیت لی۔ انگلینڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت ملی جس کے بعد روٹ نے 93رن بنا کر اننگ کو سنبھالا ، جبکہ بٹلر نے اپنے جارحانہ تیوروں کا اچھا نمونہ پیش کر کے 45گیندوں پر 70رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔روٹ اور بٹلر نے پانچویں وکٹ کے لیے 109رنوں کی شراکت داری نبھائی ۔ان دونوں کے علاوہ جیمس ونسے(51)نے بھی نصف سنچری لگائی ۔ان تینوں کی اننگوں کی بدولت انگلینڈ نے سات وکٹ پر 324رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔بڑے ہدف کے سامنے سری لنکا کی ٹیم شروع میں ہی لڑکھڑا گئی اور آخر میں اس کی ٹیم 42.4اوور میں 202رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔دنیش چندیمل نے سب سے زیادہ 53رن بنایا جبکہ دانشکا گنتلک نے 48رنوں کی اننگ کھیلی۔ولی نے 34رن دے کر چار وکٹ لیا جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔لیام پلنکٹ نے3 اور عادل راشد نے 2 وکٹ لے کر ان کا اچھا ساتھ دیا۔سری لنکا ون ڈے سیریز میں کوئی بھی میچ نہیں جیت پایا ۔انگلینڈ نے تین میچوں میں جیت درج کی جبکہ ایک میچ ٹائی رہا اور ایک کا نتیجہ نہیں نکلا۔اس سے پہلے ٹیسٹ سیریز میں بھی انگلینڈ نے 2-0سے جیت درج کی تھی۔بٹلر کو مین آف دی میچ اور جیسن رائے کو مین آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔